پشاور،انڈر17 ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ پروگرام نئے انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ

بدھ 16 جنوری 2019 19:43

پشاور،انڈر17 ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ پروگرام نئے انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوانے انڈر 17 ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ پروگرام نئے انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے پروگرام تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس میں سات ایک روزہ اور سات ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز اینڈ ٹریننگ سید ثقلین شاہ کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹرز پر مشتمل سلیکشن کمیٹی پہلے مرحلے میں تمام اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے مجموعی طور 60 کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا تعاون بھی حاصل ہوگا دوسرے مرحلے میں منتخب کھلاڑیوں کے لئے 21 دنوں کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا جس میں سوئنگ، فاسٹ بائولنگ، فیلڈنگ اور وکٹ کیپنگ کوچ کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے کیمپ میں ڈاکٹرز اور فزیو تھراپسٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، کھلاڑیوں کو سامان کے علاوہ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ کے اختتام پر چار ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جن کے آپس میں سات ایک روزہ اور سات ٹی ٹونٹی میچ کرائے جائیں گے اس دوران کارکردگی کی بنیاد پر ایک ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں قومی سطح کے مقابلوں اور قومی ٹیم کے لئے تیار کرنے کی غرض سے پاکستان بورڈ سے بات کی جائے گی۔