Live Updates

وزیراعظم کی تاریخی و ثقافتی ورثے، مذہبی سیاحت کی حامل عمارات کی نقشہ سازی جلد مکمل کرنے کی ہدایت

تاریخی و ثقافتی ورثے کی حامل عمارات کے اصل مالک عوام ہیں، سرکاری عمارات کے مناسب استعمال کیساتھ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،عمران خان

بدھ 16 جنوری 2019 19:49

وزیراعظم کی تاریخی و ثقافتی ورثے، مذہبی سیاحت کی حامل عمارات کی نقشہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تاریخی اور ثقافتی ورثے کی حامل عمارات کے اصل مالک عوام ہیں، سرکاری عمارات کے مناسب استعمال کیساتھ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،تاریخی و ثقافتی ورثے اور مذہبی سیاحت کی حامل عمارات کی نقشہ سازی جلد مکمل کی جائے ۔

وزیراعظم نے یہ بات بدھ کو ثقافتی ورثے کی حامل سرکاری عمارات کے دوبارہ استعمال کی قومی نگران کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم ہائوس، گورنر ہائوسز، کراچی اور لاہور میں سٹیٹ گیسٹ ہائوسز، قصر ناز اور ملک کے مختلف حصوں میں واقع دیگر عمارات سمیت سرکاری عمارات کے مناسب استعمال پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ عمارات کے بہتر استعمال کے دو مقاصد ہیں ،پہلا یہ کہ تاریخی اہمیت کی حامل ان عمارات تک عوام کو رسائی دینا ہے جو ان کے اصل مالک ہیں اور دوسرا مقصد نظام وضع کر کے ان تاریخی عمارات کا تحفظ کرنا ہے تاکہ ان کی دیکھ بھال اور مرمت کیلئے ان سے ریونیو جمع کیا جا سکے اور ٹیکس دہندگان کی رقم ان کی مرمت کے مقاصد کیلئے استعمال نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پبلک عمارات کے مناسب استعمال کیساتھ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سوچ میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ تاریخی اہمیت کی عمارات، مذہبی مقامات اور دیگر سیاحتی جگہوں پر واقع عمارات ملک بھر میں پھیلی ہوئی ہیں اور بہت زیادہ سیاحتی مواقع کی حامل ہیں جنہیں دنیا کے سامنے متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تاریخی اور ثقافتی اہمیت اور مذہبی سیاحت کی حامل عمارات کی نقشہ سازی جلد مکمل کی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات