حکومت موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہی ہے،ملک امین اسلم

وزیراعظم کی 10ارب درختوں کی سونامی مہم ایک بڑا اقدام ہے ،ملک بھر میں کلین گرین پاکستان مہم بھی شروع کی گئی ہے، مشیروزیراعظم کی کینیڈین قونصلر سے گفتگو پاکستان سے ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں ، شجر کاری مہم میں حصہ لیکر کلین گرین پاکستان کے اقدام میں مدد کریں گے، ایلزبیتھ بیلڈون جونز

بدھ 16 جنوری 2019 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہی ہے،وزیراعظم کی 10ارب درختوں کی سونامی مہم ایک بڑا اقدام ہے ،ملک بھر میں کلین گرین پاکستان مہم بھی شروع کی گئی ہے ۔وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے یہ بات بدھ کو پاکستان میں کینیڈا کی قونصلرایلزبیتھ بیلڈون جونزسے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔

کینیڈین قونصلر نے وزیراعظم کے مشیر کو پاکستان کی کانفرنس آف پارٹیز (سی او پی) کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ مشیر وزیراعظم نے کینیڈین قونصلر کو بہار 2019ء شجرکاری مہم سے متعلق آگاہ کیا جس میں ملک بھر میں 15کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

قونصلر نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت اسلام آباد میں بیگوں اور کپوں کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کا منصوبہ شروع کررہی ہے،اس پروگرام کے تحت خواتین انٹر پرینیورزکو مدد فراہم کی جائیگی۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی اس منصوبے میںکینیڈا کو مکمل تعاون فراہم کریگی جس سے ماحول دوست پروگراموں کو فروغ ملے گا اور خواتین کیلئے گرین جابز کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور سلسلے میں وزیراعظم کی 10ارب درختوں کی سونامی مہم ایک بڑا اقدام ہے جبکہ ملک بھر میں کلین گرین پاکستان مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے موسمیاتی تغیرات سے متعلق کمیٹی بھی قائم کی ہے جبکہ ماہرین پر مشتمل موسمیاتی تغیرات سے متعلق کونسل کو فعال بنایا جارہا ہے جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔ کینیڈین قونصلر نے کہا کہ وہ پاکستان سے ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور اسلام آباد میں شجر کاری مہم میں حصہ لیکر کلین گرین پاکستان کے اقدام میں مدد کریں گے۔