Live Updates

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہرپیر کواجلاس شر وع ہونے سے قبل ایک وفاقی وزیر کی اراکین کے ساتھ خصوصی نشست ہو گی

جس میں وہ اراکین کو وہ اپنی وزارت سے متعلقہ امور پر تفصیلات سے آگاہ کرے گا ، اسپیکر قومی اسمبلی

بدھ 16 جنوری 2019 19:53

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہرپیر کواجلاس شر وع ہونے سے قبل ایک وفاقی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہر سوموارکو اجلاس شر وع ہونے سے قبل ایک وفاقی وزیر کی اراکین کے ساتھ خصوصی نشست ہو گی جس میں وہ اراکین کو وہ اپنی وزارت سے متعلقہ امور پر تفصیلات سے آگاہ کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبے کا درجہ دینے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق جلد خوشخبری دی جائے گی ۔

انہوں نے ان خیا لات کا اظہار ملتان اور ڈیرہ غازیخان ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل، قانون سازی، جمہوری اداروںکے استحکام اور دیگر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خٹک ،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ عامر ڈوگر نے بھی شرکت کی ۔

سپیکر نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کا استحکام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے، اور اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی وہ واحد ادارہ ہے جو ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے صحیح سمت کا تعین کر سکتا ہے۔ انہوں نے ممبران پر قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنانے او ر عوامی مسائل کو ایوان کے اندر اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیاں پارلیمان کا اہم جز و ہیں اور ان کی تشکیل کے بغیر موثر قانو ن سازی عمل میں نہیں لائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں تمام پارلیمانی رہنمائوں سے رابطے میں ہیں اور اس امیدکا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔انہوں نے فرینڈ شپ گروپس کے حوالے سے بات کرتے ہوے کہا کہ دنیا کی دیگر پارلیمانوں کے ساتھ رابطوں میں اضافے اور تعلقات کو فروغ دینے کے لیے قومی اسمبلی میں 91فرینڈشپ گروپس تشکیل دیے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے بیک بینچر اراکین کو ایوان میں اظہار خیال کا موقع دینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے تمام اراکین ان کی نظر میں برابر اہمیت کے حامل ہیں انہوں نے ممبران کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے قانون سازی اور دیگر امو ر میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر اراکین نے اسپیکر کے غیرجانبدارانہ کردار کو سراہتے ہوے کہا کہ ان کی غیر جانبداری اور تحمل مزاجی کی وجہ سے پارلیمان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے سپیکر کی جانب سے زیر حراست ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس پارلیمانی روایات کو زندہ رکھنے پر وہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر رکن لاکھوں ووٹوںسے منتخب ہوکراس ایوان میں آتا ہے اس لیے مشاورت کے عمل میں اس کا شامل ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے اسپیکر کو قانون سازی کے عمل میںہر ممکن تعاون اور اپنی حاضری کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھنا اور حاضری کو یقینی بنانا تمام اراکین کا قومی فریضہ ہے۔

انہوں نے سپیکر کو بیک بینچر کو ایوان میں اظہار خیال کا موقع فراہم کرنے کے لیے بھی کہا ۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ان کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور عوامی مسائل حل ہونگے ۔ انہوں نے اسپیکر کو اپنے حلقوں کی عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر کوئی توجہ نہیںدی جس کی وجہ سے ان علاقوں کی عوام کوبے شمار مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی پسماندگی کے خاتمے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ اراکین نے سپیکر کو ملتان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی جس کو قبول کرتے ہوئے انہوں نے جلد ملتا ن کا دورہ کرنے کا یقین دلایا ۔اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان دریشک ،محمد امجد فاروق خان کھوسہ ،اورنگزیب خان کھچی ، سردار محمد خان لغاری ،رانامحمد قاسم نون ،ظہور حسین قریشی ،مخدوم زین حسین قریشی ،طاہر اقبال ،سردار ریاض محمود خان مزاری ،سید مبین احمد ،خالد مگسی ،نیاز احمد جھکڑ،میاں محمد شفیق اورمحمد شبیر علی قریشی نے شر کت کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات