سٹرابیری کی فصل کو سخت سردی سے محفوظ رکھنے کی ہدایت

بدھ 16 جنوری 2019 19:56

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) محکمہ زراعت راولپنڈی نے کاشتکاروں کو سٹرابیری کی فصل کو سخت سردی سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ سخت سردی کے موسم میں جب کورا متوقع ہو تو پودوں پر ٹنل لگا کر پولیتھین شیٹ سے ڈھانپ دیں۔ اس طرح ڈھانپنے سے سٹرابیری کے پودے کورے کے مضر اثرات سے محفوظ رہتے ہیں اور بھرپور پیداوار دیتے ہیں۔

بعض اوقات سٹرابیری کی فصل کو پرندے خاص طور پر کوے اور طوطے زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس صورت میں کھیت کے قریب ڈھول یا پوٹاش کی دھماکہ خیز آوازیں پیدا کریں تاکہ پرندے ڈر کر اڑ جائیں۔ چمکدار پلاسٹک کے فیتے کھیت کے آر پار لگائے جائیں تو اس سے بھی پرندوں کی وجہ سے نقصان کم ہوتا ہے۔ سٹرابیری کی اچھی پیداوار کے لئے جڑی بوٹیوں کی تلفی ناگزیر ہے۔ جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے ہر 10 سے 12 دن کے وقفہ سے ہلکی گوڈی کریں اور احتیاط کریں کہ گوڈی کے دوران پودوں کی جڑیں متاثر نہ ہوں۔ جڑی بوٹیوں کے کیمیائی انسداد کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :