ڈپٹی کمشنرکا ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ

بدھ 16 جنوری 2019 20:12

جہلم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنرجہلم سیف انور جپہ کا ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ۔ جیل اسیران کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ فرخ سلطان نارُوبھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے خواتین وارڈ میں داخل تمام خاتون اسیران سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ جیل انتظامیہ کی طرف سے خواتین اسیران کو فراہم کردہ تعلیمی سہولیات کے علاوہ فنی تربیت کے شعبہ کا بھی معائنہ کیا گیا۔

صنعت زار کے تعاون سے اُون سے بنائے گئے بچوں کے کپڑوں اور صوفہ کشنز کا کام، Fabric Painting کا کام،سلائی کڑھائی کا کام، مہندی ڈیزائنز کی مہارت، بیوٹیشن کورس کے علاوہ ہاتھ سے بننے والی جیولری کے کام کا بھی معائنہ کیا۔خواتین وارڈ اور نو عمروارڈمیں گیزر کا گرم پانی مہیا کرنے اور خواتین اسیران ونو عمر اسیران کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیئے جیل انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا بھی خصوصی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

بچوں کے وارڈ میں تمام بچوں سے ملاقات کی گئی اور ان کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے بچوں کے ساتھ گھُل مل گئے اور بچوں سے تعلیمی ٹیسٹ بھی لیا جس میں بہترین کارکردگی دکھانے پر سب بچوں کو شاباش بھی دی گئی۔دوران وزٹ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میڈیسن سٹور اور جنرل وارڈز کا بھی معائنہ کیا جس میں اسیران کی صحت اور علاج معالجہ کی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا۔

سپرنٹنڈنٹ جیل فرخ سلطان نارُو کی ذاتی کاوشوں سے جیل اسیران کی نفسیاتی دیکھ بھال کے لیے ماہر سائیکالوجسٹ ڈاکٹر صدف نعمان کنسلٹنٹ کو مقرر کئے جانے کے اقدام کی بھر پور تعریف کی گئی اور ڈپٹی کمشنرنے ماہر نفسیات ڈاکٹر صدف نعمان کی جانب سے اسیران کو ماہر نفسیات کی سہولیات فراہم کرنے کو سراہا۔ منشیات کے مقدمات میں ملوث اسیران کے وارڈز اور ویٹنگ شیڈ کا بھی معائنہ کیا گیا۔

منشیات کے مقدمات میں ملوث جملہ اسیران کو فراہم کردہ دینی و دنیاوی تعلیم کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا جس میں اسیران نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عادی منشیات اسیران کی جسمانی ورزش اور صحت کے حصول کے لیئے مقرر کردہ آرمی انسٹرکٹر قیدی اسیران نے عادی منشیات اسیران کی جسمانی ورزش اور ڈرل کا مظاہرہ پیش کیا۔ اسیران کو ٹیلرنگ کلاس میں فنی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کو بھی چیک کیا گیا۔

دوران دورہ ڈپٹی کمشنر نے سپرنٹنڈنٹ جیل فرخ سلطان نارُو کی اسیران کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی ذاتی کاوشوں اور دلچسپی کو خصوصی طور پر سراہا اور خدمت کے جذبے کو جاری وساری رکھنے کی تلقین کی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے صوبہ پنجاب میں پہلی دفعہ اندرون جیلایل ای ڈی ٹی وی لگوائے جانے اورپی ٹی ی اورآئی ایس پی آر سے اسیران کے لیئے تفریخی، معلوماتی اور اصلاحی ڈرامے، ڈاکومینٹریز اور قومی ترانوں کے علاوہ قرآن پاک و احادیث کے ترجمہ پر مبنی خصوصی پروگرام حاصل کر کے اسیران کوایل ای ڈی سسٹم پر نشر کئے جانے اور ان کی اصلاح کے لیئے سپرنٹنڈنٹ جیل کی ذاتی کاوشوں کو انتہائی قابل ستائش قرار دے کر مثالی قرار دیا۔

جیل سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے جیل بیرون گیٹ پر ڈسٹرکٹ جیل جہلم کو محض قید و بند کی جگہ نہ ہونے بلکہ عملی طور پر اسیران کی اصلاحات کی تفصیل اور سہولیات کا سائن بورڈ آویزاں کر کے جیل کی بابت عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے اور جیل کو اصلاح گھر بنانے کے لیے کی گئی عملی کوششوں کو صوبہ بھر میں مثالی قرار دیا گیا۔