ڈالر کی قدر میں اضافہ افسوناک ، اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریگی، مریم اورنگزیب

ضمنی بجٹ لیکر آنے سے حکومتی نا اہلی کھل کر سامنے آگئی ہے، مشترکہ اپوزیشن اجلاس میں طے کیا ہے ملکی معاشی حالات کی بہتری کیلئے حکومت کی مدد کریں گے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 16 جنوری 2019 20:43

ڈالر کی قدر میں اضافہ افسوناک ، اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) سابق وزیر اطلاعات وپاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ افسوناک ہے‘ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریگی، ضمنی بجٹ لیکر آنے سے حکومتی نا اہلی کھل کر سامنے آگئی ہے، مشترکہ اپوزیشن اجلاس میں طے کیا ہے کہ ملکی معاشی حالات کی بہتری کیلئے حکومت کی مدد کریں گے۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ روز کے مشترکہ اپوزیشن اجلاس میں یہ طے پایا ہے کہ ملک کے موجودہ معاشی حالات میں بہتری لانے کیلئے حکومت کی مدد کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ملکی بہتری کیلئے اپوزیشن جماعتیں مثبت کردار ادا کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی ماضی میں سخت سیاسی مخالفت رہی ہے لیکن ملک و عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ہم سب ایک ہیں اور مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ضمنی بجٹ لے کر آرہی ہے جس سے حکومتی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری میں کمی آئی ہے جبکہ ڈالر کی قدر میں اضافہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے بیرونی قرضہ بڑھ گئے ہیں ، وزیر خزانہ اس حوالے سے اقدامات کیوں نہیں کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ چور چور اور ڈاکو ڈاکو کہہ کر حکومت کو بہتر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر ملکی معاشی حالات کی بہتری کیلئے تجویز دے گی۔