سندھ حکومت گرانا بچوں کا کھیل نہیں ، وفاقی وزیر سے صرف چار ارکان ملے وہ کیسے سندھ کے باضمیر اراکین توڑ سکتے ہیں، ناز بلوچ

نیب کو آزاد کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، ملک کی بقاء و عوام کی خوشحالی کے لئے اپوزیشن کو متحد ہونا ہوگا، صحافیوں سے گفتگو

بدھ 16 جنوری 2019 20:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ء ناز بلوچ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت گرانا بچوں کا کھیل نہیں ہے، وفاقی وزیر سے صرف چار ارکان ملے وہ کیسے سندھ کے باضمیر اراکین توڑ سکتے ہیں،نیب کو آزاد کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، ملک کی بقاء و عوام کی خوشحالی کے لئے اپوزیشن کو متحد ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناز بلوچ نے کہا کہ سندھ حکومت گرانا بچوں کا کھیل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر سے سندھ اسمبلی کے صرف چار ارکان ملے ہیں، وہ کیسے سندھ کے باضمیر اراکین کو توڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر خود جے آئی ٹی کو ڈیزائن کرتے ہیں اور پھر اس میں بیٹھ کر جوڑ توڑ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو آزاد کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء و عوام کی خوشحالی کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا۔