نیب چیئرمین ،ڈی جی آئی ایس آئی کے نام پر لوگوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والا ملزم جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اسکی بیوی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ،نیب حکام کو خاتون تفتیشی افسر کے ہمراہ جیل جا کر تفتیش کرنے کی اجازت مل گئی

بدھ 16 جنوری 2019 21:41

نیب چیئرمین ،ڈی جی آئی ایس آئی کے نام پر لوگوں سے لاکھوں روپے بٹورنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) احتساب عدالت نے نیب چیئرمین اور ڈی جی آئی ایس آئی کے نام پر لوگوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے ملزم کو 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا جبکہ اسکی بیوی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔احتساب عدالت کے جج محمد وسیم اخترنے کیس کی سماعت کی ۔نیب حکام کی جانب سے ملزم فاروق اور اسکی بیوی طیبہ کو پیش کیا گیا ۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم فاروق اوراسکی اہلیہ طیبہ لوگوں کو کاروباری تعلقات اور نیب و آئی ایس آئی سے کام کروانے کے نام پر لوٹتے تھے، ملزمان لوگوں سے بنک سے قرض دلانے اور سستے بلڈوزر دلانے کے نام پر بھی پیسے بٹورتے رہے، ملزمان لوگوں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر ان سے پیسے بٹورتے رہے، ملزمان کیخلاف متعدد شکایات آ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان نے موقف اپنایا کہ ہم نے ماڈل ہائوسنگ سوسائٹی چنیوٹ کے مالک سردار اعظم سے پلاٹ خریدا، جسکا قبضہ نہیں دیاگیا، متعلقہ حکام کو شکایات کرنے پر پر سردار اعظم نے الٹا ہمارے خلاف مختلف دفعات کے تحت 28 مقدمات درج کروادئیے جو سب خارج ہو گئیں،سردار اعظم اور نیب کے تفتیشی عابد حسین کی ملی بھگت سے ہمارے خلاف نیب کا کیس بنایا دیا گیا، سردار اعظم اپنی غلطی مان کر ہمیں ایف آئی اے میں 13 لاکھ روپے دے چکا ہے۔

احتساب عدالت نے ملزم فاروق کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا تاہہم خاتون ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کر دیا اور ملزمہ طیبہ کو 10روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالت نے نیب حکام کو خاتون تفتیشی افسر کے ہمراہ جیل میں جا کر ملزمہ طیبہ سے تفتیش کرنے کی اجازت دے دی ۔عدالت کا دونوں ملزمان کو 26 جنوری کو دوبارہ احتساب عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔