لوگوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے پبلک سروس کمیشن ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،چیف کمشنر

بدھ 16 جنوری 2019 21:46

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) عوام کو خدمات تک رسائی ، مقررہ وقت کے اندر اور شفاف انداز میں ممکن بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے پبلک سروسز کمیشن کا قیام عمل میںلایا ہے جس کی بدولت عوام ایک حوشگوار تبدیلی محسوس کر رہے ہیں ، لوگوں کے مشکلات اور تکالیف کا احساس کرنے اور ان کے ازالے کیلئے پبلک سروسز کمیشن ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چیف کمشنر رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوا مشتاق جدون نے یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں میں ایک آگاہی سیمینار سے خطا ب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کا بنیادی مقصد سرکاری خدمات کی فراہمی میں عوام کی رہنمائی ، تکالیف اور رکاوٹوں کو دور کرنا ہے او ر اس مقصد کے حصول کیلئے تمام محکموں کو پابند کیا ہے کہ وہ عوام کو مطلوبہ خدمات کی مقررہ وقت میں فراہمی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دوسروں کے علاوہ پرووائس چانسلر ڈاکٹر سلطان محمد، چیف سیکورٹی انچارج کرنل نثار خان، گورنمنٹ کالج آف مینیجمنٹ سائنسز ٹائون شپ بنوں کے پرنسپل و وائس پرنسپل اور کثیر تعدا د میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ مشتاق جدون نے کہا کہ عوام کی سہولت کے پیشِ نظر صوبائی حکومت نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین بنایا ہے ۔

پبلک سروسز کمیشن نے اب تک ایف آئی آر کے اندراج، ڈرائیونگ لائسنس ، زمین کی حدود کا تعین ، پیدائش سرٹیفیکیٹ، بلڈنگ پلان،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، عشر و زکوٰةپینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت بیسیوں خدمات کی نگرانی کر رہا ہے جس کی بدولت عوام کو بہت حد تک ریلیف دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق خوشگوار تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے جس کو عوام محسوس کر رہے ہیں اور انشاء اللہ یہ سفر جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مطلوبہ خدمات کی بروقت اور شفاف فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی کی صورت میںضلع آفسر متعلقہ عملہ پر جرمانے کے علاوہ محکمانہ کاروائی کا بھی مجاز ہے۔ حکومتی معاملات اور خدمات تک رسائی شفافیت کاضامن ہے اور اس سلسلے میں خدمات تک رسائی کا قانون پاس کر کے خیبر پختونخوا حکومت باقی صوبوں سے آگے ہیں اور اس تسلسل کو مزید بہتر اور موثر انداز سے آگے بڑھایا جائے گا۔بعدازاں چیف کمشنر رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن مشتاق جدون نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بنوں میں کمیشن سے متعلق آگاہی سیمینار سے بھی خطا ب کیا۔