عوام کے تعاون سے پولیو سے پاک مردان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے،ڈپٹی کمشنرعابدوزیر

بدھ 16 جنوری 2019 21:46

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد وزیر اور ضلع ناظم وقار احمد نے کہاہے کہ عوام کے تعاون سے پولیو سے پاک مردان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔پولیو کے دو قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں۔مردان میں پولیو وائرس کی روک تھام کے لئے انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندے مل کر مہم چلا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سول ڈسپنسری پارہوتی میں پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر فضل الہادی،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبد الباسط،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر سہیل،ضلع کونسل کے رکن ہمایون خان ،ڈسٹرکٹ اِن سٹاف افسر ڈاکٹر ذیشان اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ فیلڈ سٹاف کی بہتر کارکردگی کی بدولت مردان کے ماحول سے اس وائرس کا خاتمہ ممکن ہو گیا ہے اور دسمبر کے آخر میں ہونے والے ٹسٹ میں مردان پولیو فری ماحول بن گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بعض جگہوں پر والدین انکار ی ہے لیکن اس کے لئے بھی ضلعی انتظامیہ نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ اداروں کی احسن کارکردگی کی بدولت مردان میں خوش قسمتی سے پولیو کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا۔انہوںنے کہاکہ پولیو کے چار روزہ مہم کے دوران چار لاکھ سترہ ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جسکے لئے مجموعی طور پر1251ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے ۔

ضلع ناظم وقار احمد نے کہاکہ بلدیاتی نمائندے پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور انکی بہتر کوارڈنیشن سے بہت جلد مردان پولیو وائر س سے پاک ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ضلعی حکومت انتظامیہ کے ساتھ مل کر انکاری والدین کو منا رہے ہیں اور انشاء اللہ مردان میں کوئی بھی پولیو کے قطرے پلانے سے انکار نہیں کرے گا۔