پنجاب بھر کے کسانوں کا دھرنا دوسرے روز بھی مال روڈ پر جاری

مظاہرین نے آلو کی قیمت نہ بڑھانے پر اراکین اسمبلی کی گاڑیوں پر آلو برسانے کی دھمکی دے دی

بدھ 16 جنوری 2019 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) پنجاب بھر کے کسانوں کا دھرنا دوسرے روز بھی مال روڈ پر جاری ہے۔ مظاہرین نے آلو کی قیمت نہ بڑھانے پر اراکین اسمبلی کی گاڑیوں پر آلو برسانے کی دھمکی دے دی ہے۔مال روڈ پر گزشتہ روز سے جاری احتجاج میں مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے جب کہ کسان سڑک پر بکھرے آلو ہی پکا پکا کر کھا رہے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں آلو کی پیداواری لاگت بھی نہیں مل رہی ہے اور اگر حکومت کی جانب سے آلو کے نرخ نہیں بڑھائے گئے تو اراکین اسمبلی کے خلاف بھی بھرپور احتجاج کریں گے۔

(جاری ہے)

کسانوں نے کہا کہ حکومت نہ تو خود ہم سے آلو خرید رہی ہے اور نہ ہی ہمیں ایکسپورٹ کرنے دے رہی ہے۔مظاہرین اپنے احتجاج میں کھاد، بجلی اور زرعی ادویات کو سستی کرنے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے مطالبات پورے نہ ہونے تک واپس جانے سے انکار کر دیا ہے۔پنجاب اسمبلی کے باہر مال روڈ پر کسانوں کی جانب سے گزشتہ روز دھرنے کا آغاز کیا گیا جب کہ مظاہرین نے سخت سردی میں رات بھی کھلے آسمان تلے سڑک پر ہی گزاری۔مال روڈ پر احتجاج کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ ٹریفک کا نظام بھی مفلوج ہو گیا ہے۔