Live Updates

وزیراعظم نااہلی کیس کی سماعت کیلئے بینچ تشکیل کا معاملہ

عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے متعلق پٹیشن کو کل سماعت کے لئے مقرر کر دیا

بدھ 16 جنوری 2019 23:11

وزیراعظم نااہلی کیس کی سماعت کیلئے بینچ تشکیل کا معاملہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) وزیر اعظم عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے لئے بینچ کی تشکیل کے معاملے پرچیئرمین ڈیفنس آف پاکستان حافظ احتشام احمد کی جانب سے عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے لئے بینچ کی تشکیل کے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر متفرق درخواست کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویڑن بینچ نے متفرق درخواست پر گزشتہ سماعت کی۔

فاضل بینچ نے جب سماعت شروع کی چیئرمین ڈیفنس آف پاکستان حافظ احتشام احمد ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے حافظ احتشام احمد کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے متعلق دائر پٹیشن کو پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے سابق رہنما عبدالوہاب بلوچ کی پٹیشن سے ڈی لنک کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے متعلق پٹیشن کو کل سماعت کے لئے مقرر کر دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی سربراہی میں ڈویڑن بینچ آج وزیراعظم کی نااہلی کے متعلق حافظ احتشام احمد کی جانب سے دائر مین پٹیشن کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے پٹیشنر کو کل پٹیشن کے قابل سماعت ہونے کے متعلق دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔دوران سماعت فاضل چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ نے اپنی پٹیشن میں کیا مانگا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ درخواست میں وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی ہے۔عدالت نے استفسار کیا کس بنیاد پر وزیراعظم کو نااہل قرار دیاجائے۔عمران خان نے الیکشن لڑتے وقت اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے ہیں۔عدالت نے سوال کیاکون سے حقائق وزیر اعظم عمران خان نے چھپائے ہیں درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی ناجائز بیٹی کا ذکر نہیں کیا۔

پٹیشن کے میرٹ پر دلائل اس وقت دوں گا جب مین پٹیشن سماعت کے لئے مقرر ہو۔میری درخواست یہ ہے کہ میری پٹیشن کو عبدالوہاب کی پٹیشن سے ڈی لنک کر کے سماعت کے لئے مقرر کیا جائے بعدازں عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے وزیراعظم کی نااہلی کے متعلق مین پٹیشن کو آج سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ چیئرمین ڈیفنس آف پاکستان حافظ احتشام احمد نے اگست 2018 میں وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔ حافظ احتشام احمد نے پٹیشن میں وزیراعظم عمران خان پر کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کا الزام عائد کیا ہے۔حافظ احتشام احمد نے پٹیشن میں الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی ناجائز بیٹی ٹیریان وائٹ کا ذکر نہیں کیا۔

پٹیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ نے اپنی کتاب میں عمران خان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کئے ہیں،جن کی تحقیقات ضروری ہے۔ پٹیشن میں وزیراعظم عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ واضع رہیپٹیشن میں وزیراعظم عمران خان،وفاقی سیکریٹری قانون،سیکریٹری الیکشن کمیشن،اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعظم کی سابق اہلیہ ریحام خان کو فریق بنایا گیا ہے۔ وحید ڈوگر
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات