الخدمت فائونڈیشن نے گزشتہ سال سات کروڑ روپے مالیت کے ریلیف کا کام کیا

بدھ 16 جنوری 2019 23:43

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے صدر خالد وقاص نے کہا ہے کہ الخدمت ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا اور سابقہ فاٹامیں بھی روزمرہ زندگی کے سات اہم شعبوں میں خدمات فراہم کر رہا ہے جس میں قدرتی آفات اور انسان کے پیدا کردہ سانحات کے مواقع پر متاثرین کی بے لوث خدمت الخدمت فائونڈیشن کا سب سے اہم اور بنیادی شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سماجی خدمات کا شعبہ ہے جس کونہ صرف الخدمت فائونڈیشن بلکہ معاشرے میں خدمت انسانیت کے لیے برسرپیکار دیگر فلاحی اداروں میں بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔

الخدمت فائونڈیشن خیبر پختونخوا شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سماجی خدمات کے تحت گزشتہ ایک سال کے دوران تقریبا ًسات کروڑ روپے مالیت کے ریلیف کا کام کیا گیا جبکہ اس عرصہ کے دوران تین لاکھ بیس ہزار 900سے زائد افراد نے الخدمت کی سہولیات سے استفادہ کیا۔

(جاری ہے)

الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے میڈیا منیجر نورالواحدجدون کے مطابق الخدمت کے تحت سال 2018ء کے دوران 106حادثات کے دوران الخدمت کے 1029رضاکاروں نے 497افراد کو ریلیف فراہم کیا۔

1747خصوصی افراد کو مفت ویل چیئرز فراہم کی گئیں۔1613خاندانوں کو مفت ونٹر پیکج کے تحت بستر،کمبل اور لخاف فراہم کئے گئے۔4100جنرل فوڈ پیکجز سے 29ہزار افراد مستفید ہوئے۔1850خاندانوں کو عید گفٹ،1400خاندانوں کو کرسمس کے موقع پر تخائف دیئے گئے۔رمضان المبارک کے موقع پر 7411فوڈ پیکجز سے تقریبا53ہزار افراد نے استفادہ کیاجبکہ 11150افراد کے لئے افطاریوں کا انتظام کیا گیا۔صوبہ خیبر پختونخوا میںالخدمت کے تحت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے چار رسپانس سنٹرز قائم ہیں جہاں پر 7200رضاکار رجسٹرڈ ہیں فسٹ ایڈ کے 66ٹرینگز منعقد کئے گئے جس سے 2320افراد مستفید ہوئے ہیں۔