جماعت اسلامی کا سندھ میں سانپ و کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین کی عدم دستیابی پراظہار تشویش

حکومت انسانی ہمدردی کے ناطے ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول، جان بچانے والی ادویات کی فراہمی کو یقینی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے قوم سے کئے گئے وعدے پر عمل کرے،محمد حسین محنتی

بدھ 16 جنوری 2019 23:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتینے سندھ میں سانپ و کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت غریب عوام کی حالت زار پر رحم، ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول، سانپ و کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کے ویکسین سمیت جان بچانے والی ادویات کی میڈیکل اسٹورز اور طبی مراکز کو فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ کراچی تا کشمور سرکاری ہسپتالوں میں پہلے ہی صحت کی سہولیات کا فقدان ہے۔ کرپشن، اقربا پروری اور نا اہلیت کی وجہ سے صحت مراکزپر کروڑں روپے خرچ کرنے کے باوجود عام آدمی صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے باوجود دوائوں کی قلت کی وجہ سے مریض سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت سمیت صاف پانی صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ پی ٹی آئی حکومت انسانی ہمدردی کے ناطے ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول، جان بچانے والی ادویات کی فراہمی کو یقینی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے قوم سے کئے گئے وعدے پر عمل کرے۔