کروڑوں روپے کی کرپشن میںملوث 4ملزمان اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے

بدھ 16 جنوری 2019 23:48

ملتان ۔16جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) سینئر سول جج ملتان نے جعلی فرد ملکیت بناکر نواب روڈ کی تعمیر میں کروڑوں کی کرپشن کے مقدمہ میں ملوث سابق لینڈ ایکوزیشن کلکٹر پنجاب ہائی وے کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے پولیس تھانہ اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت میں پولیس تھانہ اینٹی کرپشن کے مطابق چند روز قبل بہاولنگر کی تحصیل چشتیاں کے رہائشی محمد ظفر نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان کو درخواست دی تھی کہ سابق لینڈ ایکوزیشن کلکٹر پنجاب ہائی وے ملتان طاہر بوٹا نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملی بھگت کر کے ان کی زمین کی جعلی فرد ملکیت بنائی اور ان کا رقبہ ظاہر کر کے سرکاری خزانے سے شاہد حسین کے نام 63 لاکھ 79ہزار 514روپے جبکہ ابرار حسین کے نام سی56 لاکھ73 ہزار514 روپے کی ادائیگیاں کروائی ہیں اور اس طرح ملزم نے سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن ملتان نے بعد از انکوائری اور ریکارڈ کی پڑتال کرنے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور ملزم طاہر بوٹا جو کہ ان دنوں سب رجسٹرار بہاوپور تعینات ہے کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم سے تفتیش اور برآمدگی کرنا باقی ہے لہٰذا جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا جائے۔دریں اثناء سینئر سول جج ملتان نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات کی خرد برد کے مقدمہ میں گرفتار 3 ملزموں کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے انہیں اینٹی کرپشن کی تحویل میں دینے کا حکم دیا ہے۔

فاضل عدالت میں پولیس تھانہ اینٹی کرپشن کے مطابق ایک کروڑ مالیت کی سرکاری ادویات خرد برد کر کے مارکیٹ میں فروخت کرنے کے الزام میں 3 ملزموں حافظ اکرم، محمد واجد اور ہمائیوں ریحان ڈسپنسر /سٹور کیپر ز کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دوران تفتیش مارکیٹ میں فروخت کی گئی ادویات اور نشتر ہسپتال میں سپلائی کی گئی ادویات کے بیچ نمبر ایک ہی پائے گئے ہیں۔ ملزموں سے مزید تفتیش اور برآمدگی کرنا باقی ہے لہٰذا جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا جائے۔