Live Updates

حکومتی وزراء کا رویہ اپوزیشن کو متحد کررہاہے ،لیاقت بلوچ

سب کا بلاامتیاز احتساب ناگزیر ہے، کسی ایک جگہ کسی پارٹی کا مینڈیٹ چورایا گیا تو سب کے مینڈیٹ پر ڈاکہ پڑے گا، فارورڈ بلاک بنانے کیلئے حکومتی طاقت کے اعلانات غیر جمہوری ہیں، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 16 جنوری 2019 23:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ میں ملک بھر سے آئے ہوئے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وزراء خصوصاً وزیراعظم کا اسلوب حکمرانی اور پارلیمنٹ کو نظر انداز کرنے کا رویہ اپوزیشن کو متحد کرنے کے مواقع دے رہاہے ۔ حکومتی نااہلی و ناکامی کرپٹ مافیا کو مضبوط پناہ گاہیں مہیا کر رہی ہے ۔

سب کے احتساب کے لیے بلاامتیاز احتساب ناگزیر ہے ۔ کسی ایک جگہ کسی پارٹی کا مینڈیٹ چورایا گیا تو سب کے مینڈیٹ پر ڈاکہ پڑے گا ۔ فارورڈ بلاک بنانے کے لیے حکومتی طاقت کے اعلانات غیر جمہوری ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ 5 فروری کو ملک بھر میں جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی اور ہندوستان کے مظالم کے خلاف اور عالمی برادری کو جھنجھوڑنے کے لیے تاریخ ساز عوامی مظاہرے ہوں گے ۔

(جاری ہے)

مرد و خواتین ، پیر و جوان ، طلبہ و طالبات سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر پر پالیسی واضح کریں اور قومی کشمیر پالیسی کی تشکیل کے لیے پارلیمنٹ کو فعال بنایا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی قوت کے حامل ملک ہیں ۔ہندوستان کی قیادت پالیسی سازی، ضد اور جھوٹی انا کی وجہ سے پورے خطے کو مسلسل بحران اور خطرات سے دوچار کر رہی ہے ۔ نریندر مودی ناکام حکمران ہیں فقط انتخابات جیتنے کے لیے مودی جیسے سیاستدانوں کو جنگی ماحول بھڑکانے سے اجتناب برتناہوگا ۔ ملت پاکستان ہندوستان کی ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے افواج پاکستان کی پشتی بان ہے ۔ ہندوستان کی قیادت کی غلطی تباہی ہی تباہی ہوگی یہ ایک فریق نہیں سب کی تباہی ہوگی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات