صوبے کے نوجوانوں اوربچوں میں کھیل اور دیگر شعبوں میں آگے بڑھنے کا عزم اور صلاحیتیں موجود ہیں،جام کمال خان

بدھ 16 جنوری 2019 23:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں اوربچوں میں کھیل اور دیگر شعبوں میں آگے بڑھنے کا عزم اور صلاحیتیں موجود ہیں اور سہولتوں کی کمی کے باوجود اپنی بہترین کارکردگی اورصلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں، حکومت انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دکی سے تعلق رکھنے والے ننھے فٹبالر احسان اللہ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزراء، رکن قومی اسمبلی سردار اسرار ترین اور اراکین صوبائی اسمبلی بھی پر موجود تھے، ننھے فٹبالر نے اس موقع پر فٹبال کو ککس لگانے کا مظاہرہ پیش کیا۔

وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء نے سات سالہ احسان اللہ کے فن کو سراہتے ہوئے انہیں صوبے کا فخر قرار دیا جبکہ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت احسان اللہ کو تربیت کی فراہمی کے لئے کراچی بھجوائی گی، انہوں نے فٹبالر بچے کو فٹبال کٹ، جوتے اور سووینیئر کے علاوہ ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا اور ننھے فٹبالر کے ساتھ فٹبال بھی کھیلی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ احسان اللہ متواتر دو منٹ میں فٹبال سے 221ککس لگاکر ہوا میں رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور مستقبل میں فٹبال کے کھیل میں ملک اور صوبے کا نام روشن کرنے کا خواہشمند ہے۔