کوئٹہ ، پشتونوں کے اجتماعی قومی شعور کے لئے اے این پی کے اکابرین کا کردار ناقابل فراموش ہے،رہنما عوامی نیشنل پارٹی

جمعرات 17 جنوری 2019 00:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پشتونوں کے اجتماعی قومی شعور کے لئے عوامی نیشنل پارٹی کے اکابرین کا کردار ناقابل فراموش ہے ، باچاخان اور ان کے رفقا نے پشتونوں سمیت تمام اکائیوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی اور اس راہ میں قیدو بند سمیت ہر طرح کی مصیبتیں برداشت کیں مگر اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار اے این پی کے صوبائی الیکشن کمیٹی کے چیئرمین و صوبائی سینئر نائب صدرارباب عمر فاروق کاسی ،صوبائی سیکرٹری الیکشن کمیٹی عبدالباری کاکڑ ، الیکشن کمیٹی اراکین کے حاجی عبدالجبار کاکڑ ،عبدالغفار افغان اورولی داد میانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ فخر افغان باچاخان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان سے منسوب ہفتے کے دوران کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ باچاخان نے خدائی خدمتگار تحریک کے ذریعے پشتونوں کی اجتماعی قومی بیداری کے لئے تاریخی کام کیا جس کے نتیجے میں انگریز سامراج کو خطے سے نکلنا پڑا قیام پاکستان کے بعد بھی باچاخان اور ان کے ساتھیوں نے پشتونوں سمیت تمام اکائیوں اور تمام قومیتوں کے مسائل اجاگر کئے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے بھی تاریخی کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ فخر افغان باچاخان کی 31ویں اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی 13ویں برسی کی مناسبت سے پارٹی کے مرکزی فیصلے کی روشنی میں صوبائی سطح پر بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے اے این پی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام اس سلسلے میں اتوار20جنوری کو کوئٹہ پریس کلب میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں دونوں شخصیات کو ان کی عظیم قومی وطنی اور سیاسی و جمہوری خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔