حمزہ شہباز کا آج رات ہی لندن روانہ ہونے کا فیصلہ

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو آج ہی کے روز بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت ملی تھی

muhammad ali محمد علی بدھ 16 جنوری 2019 23:21

حمزہ شہباز کا آج رات ہی لندن روانہ ہونے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2019ء) حمزہ شہباز کا آج رات ہی لندن روانہ ہونے کا فیصلہ، پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو آج ہی کے روز بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت ملی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے لندن روانہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ حمزہ شہباز آج یعنی بدھ کی شب کو ہی لندن کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز لندن میں اپنی والدہ اور بھائی سے ملاقات کریں گے۔ تاہم یہ معلوم نہیں کہ حمزہ شہباز کب پاکستان واپس لوٹیں گے۔ یہ بھی معلوم نہیں کہ آیا حمزہ شہباز جلد پاکستان واپس لوٹیں گے یا نہیں۔ حمزہ شہباز نے ای سی ایل کی بلیک لسٹ سے نام نکالے جانے کے فوری بعد بیرون ملک روانہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کی جانب سے نام بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا نام ایگزٹ کنڑول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں دس دن کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔دوران سماعت عدالت نے حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر وزارت داخلہ سے جواب بھی طلب کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس فرخ عرفان نے ریمارکس دیئے کہ نیب کا یہی قانون ہے کہ پہلے سزا دے دیتے ہیں اس لیے نیب کے کام پر جج صاحبان بھی نالاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کو سیاستدانوں پر اعتماد ہے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے گذشتہ روز اپنا نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں حمزہ شہباز نے موقف اختیار کیا کہ وزارت داخلہ نے نیب میں بعض مقدمات زیر انکوائری ہونے کی بنیاد پر نام بلیک لسٹ میں ڈالا ۔

نیب کی تمام انکوائریوں میں باقاعدگی سے شامل تفتیش ہو رہا ہوں ۔ وزارت داخلہ کو بلاجواز کسی پاکستانی کی نقل و حرکت روکنے کا اختیار نہیں۔ آئین کے تحت آزادانہ نقل و حرکت بنیادی حق ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ وزارت داخلہ کو حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت کی جائے۔ جس پرآج لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتیہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔