بجلی چوری میں ملوث 306افراد کے خلاف مقدمات در ج ، 30لاکھ 43ہزار روپے کی ریکوری

جمعرات 17 جنوری 2019 00:10

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) ضلع میں انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک بجلی چوری میں ملوث 306،افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے جبکہ 30لاکھ 43ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میاں آفتاب احمد کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں مختلف محکموں کی سروس ڈلیوری کاجائزہ لیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنرز شمائلہ منظور،نازیہ موہل،شاہد ندیم،محمداورنگزیب،تنویرمرتضی،خرم شہزادبھٹی،ڈی او انڈسٹریز خالد محمود،ٹریفک وپنجاب پولیس،فیسکو،تعلیم،صحت اوردیگرمحکموں کے افسران کے علاوہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد بجلی چوری مہم کے سلسلے میں چھاپہ مار ٹیموں نے 429ریڈز کرکے کمرشل وگھریلو کنکشنز سے بجلی چوری کے 366واقعات کو رپورٹ کیا جن کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے بجلی چوری کے قومی جرم میں ملوث عناصر کو قانون کی سخت گرفت میں لانے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ انسداد بجلی چوری مہم کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری رہے گی۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررکردہ نرخ سے زائد پر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کراکرانہیں جیل بھیجیں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو میرج ایکٹ پر عملدرآمد کرانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شادی ہالز وکھلی جگہوں پر شادی کی تقریبات میں ون ڈش اوروقت کی پابندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ میرج ہالز پر کڑی نظر رکھیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری مقدمات درج کرائے جائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ضلع میں مختلف پراجیکٹ پرمامور چائنیز کی سیکورٹی سمیت تعلیمی اداروں کے حفاظتی امور کو ہر زاویے سے چیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔