حکومت بیرون ملک پڑے اربوں ڈالر واپس لانے کیلئے اقدامات کرے ، سینیٹر سراج الحق

جمعرات 17 جنوری 2019 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت بیرون ملک پڑے 375 ارب ڈالر واپس لانے کیلئے اقدامات کرے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بیرون ملک پڑی یہ دولت واپس آ جائے تو حکومت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سمیت کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل حل کرنے اور گڈ گورننس پر توجہ دی جائے، عوام سب کا احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مدینہ کی ریاست بنانے کی طرف اقدامات اٹھائے جائیں، سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے، بینکوں کے موجودہ نظام نے ملک میں کرپشن کو فروغ دیا ہے، غریبوں کو قرض نہیں ملتے لیکن قرضے کھانے والوں کو مزید قرضے مل جاتے ہیں، بینکاری نظام نے امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو وسیع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی نظریاتی بنیادیں ختم ہو چکی ہیں، پہلے سیاستدانوں کے گھر پر چھاپہ پڑتا تھا تو گھر سے کتابیں نکلتی تھیں اب ڈالر نکلتے ہیں۔