18جنوری کا دن مخالفین کو واضح پیغام دے گاکہ حق پرست کل بھی متحد تھے اور آج بھی متحد ہیں، ظفر احمد صدیقی

جمعرات 17 جنوری 2019 01:50

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے آرگنائز ر ظفر احمد صدیقی نے کہا ہے کہ 18جنوری کا دن حق پرست جدوجہد کے مخالفین کو واضح پیغام دے گاکہ حق پرست کل بھی متحد تھے اور آج بھی متحد ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلسہ عام کے حوالے سے گل شاہ بخاری ٹائون میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع میں اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی ،حق پرست ارکان اسمبلی صوبائی اسمبلی راشد خلجی ،ناصر حسین قریشی سمیت علاقے کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری عوامی رابطہ مہم میں ہونے والے عوامی اجتماع میں عوام کی کثیر تعداد جلسہ سے پہلے ہی جلسہ کی کامیابی کا پیغام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا اتحاد ہی ہماری کامیابی کا ضامن ہے اسلئے ہمیں پہلے سے زیادہ محنت کی ضرورت ہے ۔

رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی نے کہاکہ ایم کیوایم کے خاتمے کی سازش کرنے والے نا کام ہونگے کیونکہ یہ تنظیم حق پرستوں کی ہے اور فتح یقینا حق پرستوں کامقدر ہوتی ہے۔ حیدر آباد متحد ہ قومی موومنٹ کا قلعہ تھا اور ہے یہاں کوئی مفاد پرست اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ رکن صوبائی اسمبلی ناصر حسین قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ18جنوری کا جلسہ حیدر آباد کی تاریخ میں سنگ میل ہوگا جو حیدر آباد شہر کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔