مسلم کانفرنس کے جن کارکنوں نے نامساعد حالات میں نظریہ الحاق پاکستان کے لئے جدوجہد کی ان کے نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے ۔ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان

جمعرات 17 جنوری 2019 01:50

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے مسلم کانفرنس کے جن کارکنوں نے نامساعد حالات میں نظریہ الحاق پاکستان کے لئے جدوجہد کی ان کے نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے ۔ سردار مجاہد کالا خان کا شمار انہی لوگوں میں ہوتا ہے ‘ سردار مجاہد کالا خان کی وفات پر اپنے تعزیتی بیان میں صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مرحوم نے نظریہ الحاق پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے مردانہ وار کام کیااور ہر مشکل گھڑی میں قائد کشمیر رئیس الاحرار چوہدری غلام عباسی ،مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے ۔

ایسے لوگ جماعت کے لئے کسی سرمایہ سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکن جہاں الحاق پاکستان کے علمبردار ہیں وہیں انہوں نے ریاستی تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ لوگ اپنے کردار کے باعث عوام کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں ۔ سردار مجاہد کالا خان کو بھی عوام علاقہ اور مسلم کانفرنس کے کارکن فراموش نہیں کرسکتے ۔ ان کی جدوجہد رنگ لائے گی اور کشمیر آزاد ہوکرپاکستان کا حصہ بنے گا۔ اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :