حکومت آزاد کشمیر میں میرٹ کی پامالی اور من مانیاں کر رہی ہے، آزاد کشمیر میں اداروں کے استحکام اور عوام کے بنیادی انسانی حقوق بحال کرانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے،

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم سے بات چیت

جمعرات 17 جنوری 2019 01:50

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر میں میرٹ کی پامالی اور من مانیاں کر رہی ہے اسکے خلاف مشترکہ جدوجہد کی جائے گی اور آزاد کشمیر میں اداروں کے استحکام اور عوام کے بنیادی انسانی حقوق بحال کرانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

غازی ملت سردار ابراہیم خان اور قائد جمہوریت چوہدری نور حسین نے آزاد کشمیر کے لوگوں کو ووٹ کا حق دلوایا۔ اسی طرح خالد ابراہیم مرحوم بھی اسی جمہوریت کی بالا دستی کے لئے آخری دم تک کوششیں کرتے رہے۔ہم سب انکے مشن کو پایا تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پارٹی کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم سے ایک گھنٹے سے زائد کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملاقات میں آئندہ کے لئے مل جل کرچلنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر سردار حسن ابراہیم نے حالیہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کشمیر اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ذاتی طور پر گہری دلچسپی اور انکی حمایت پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔سردار حسن ابراہیم نے کہا کہ جس طرح ہمارے بزرگ ماضی میں اکھٹے چلتے رہے ہیں ہم بھی آزاد کشمیر میں بہتری لانے کے لئے ساتھ ساتھ چلیں گے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام قربانیاں دے رہے ہیں ہم انکی جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ہم آزاد کشمیر میں عام آدمی کی بہتری کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کے لئے کوششیں کریں گے اور حکومت آزاد کشمیر نے عوام کے ساتھ جو نارواسلوک روا رکھا ہوا ہے ہم اسکو روکنے کے لئے اپنا کریں گے۔