سحرش سلطان کا واقعہ آزاد کشمیر حکومت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے کیونکہ پہلے تو ایسے لوگوں کو پاس ہی نہیں ہونے دیا جاتا اور اگر وہ اپنی محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر آگے آجاتے ہیں تو انکی جگہ اپنے من پسند لوگوں کو لگا دیا جاتا ہے۔سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

جمعرات 17 جنوری 2019 01:50

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت نے نہ صرف میرٹ کی دھجیاں بکھیر رہی ہے بلکہ اپنے گناہ چھپانے کے لئے اپنے حق کی خاطر آواز اٹھانے والے معصوم لوگوں پر تشدد پر بھی اتر آئی ہے۔سحرش سلطان کا واقعہ آزاد کشمیر حکومت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے کیونکہ پہلے تو ایسے لوگوں کو پاس ہی نہیں ہونے دیا جاتا اور اگر وہ اپنی محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر آگے آجاتے ہیں تو انکی جگہ اپنے من پسند لوگوں کو لگا دیا جاتا ہے۔

جس طرح سے سحرش سلطان اور اسکے والد کی گرفتاری کی فلم سوشل میڈیا پر پوری دنیا میں وائرل ہوئی ہے اس سے یہ تاثر سامنے آیا ہے کہ آزاد کشمیر میں شایدمقبوضہ کشمیر سے بھی زیادہ بدترین صورتحال ہے۔

(جاری ہے)

سحرش سلطان اور انکے بوڑھے والد کی جسطرح پولیس کے ہاتھوں تذلیل ہوئی اس سے حکومت کی کاکردگی عوام کے سامنے آگئی کہ پڑھے لکھے اور مستحق نوجوانوں سے کس طرح انکا حق چھین کر ان پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔

بجائے اسکے کہ حکومت انکی داد رسی کرتی حکومت حقدار لوگوں سے انکاحق چھین کراپنے من پسند لوگوں کو نواز رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں آزاد کشمیر بھر سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقاتیں کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سحرش سلطان اور اسکے والد کے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے آزاد کشمیر حکومت کی گڈ گروننس کے دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ عوام اس حکومت کے احتساب کے لئے اٹھ کھڑے ہوں کیونکہ یہ حکومت ترقیاتی بجٹ بھی غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے میں استعمال کر رہی ہے اور اس وقت آزاد کشمیر میں میرٹ کی پامالی عرج پر ہے میں عنقریب آزاد کشمیر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرکے حکومتی کرپشن اور بیڈ گورننس کوعوام کے سامنے بے نقاب کرونگا۔