شام کی وزارت خارجہ کا ترک صدر کو سخت انتباہ

جمعرات 17 جنوری 2019 10:50

دمشق ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) شام کی وزارت خارجہ نے شمالی شام میں محفوظ زون کے قیام سے متعلق ترک صدر رجب طیب اردوان کے بیان پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔ دمشق سے سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں ترکی کے اقدامات کو اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی اقتدار اعلی کو نظر انداز کرتے ہوئے کیا جانے والا کوئی بھی اقدام، شام پر جارحیت اور غاضبانہ قبضے کے مترادف تصور کیا جائے گا۔اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شام کی حکومت ملک کی ارضی سالمیت کا دفاع اور ترکی کی جانب سے کیے جانے والے ہر اقدام منہ توڑ جواب دے گی۔واضح رہے کہ ترک صدر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والے اتفاق رائے کے تحت شمالی شام میں محفوظ زون قائم کیا جائے گا۔