عجائب گھر میں عجیب الخلقت مجسمہ نصب کرنے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت اور ڈائریکٹر میوزیم کو نوٹس جاری

جمعرات 17 جنوری 2019 13:26

عجائب گھر میں عجیب الخلقت مجسمہ نصب کرنے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) لاہورہائیکورٹ نے عجائب گھر میں عجیب الخلقت مجسمہ نصب کرنے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت اور ڈائریکٹر میوزیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے بیرسٹر امبرین قریشی کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں پنجاب حکومت اور ڈائریکٹر میوزیم لاہور کو فریق بنایا گیا،درخواست گزار بیرسٹر امبرین قریشی نے کہا کہ عجائب گھر تاریخی اہمیت کی حامل عمارت ہے جبکہ اس میں موجود چیزیں ہمارے ثقافتی اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرتی ہیںاور عجائب گھر میں روزانہ کی بنیاد پر سکول ٹرپس وزٹ کرتے ہیں۔

اس میں نصب عجیب الخلقت مجسمہ ہماری ثقافت اور تاریخ کے منافی ہے جس سے عجائب گھر کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو نقصان پہنچ رہا ہی. ۔امبرین قریشی نے کہا کہ آرٹیکل 28 کے تحت اپنی ثقافت کو محفوظ کرنا ہمارا فرض ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ اس مجسمے کو ہٹانے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دے۔