الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز پر نوٹا کاآپشن شامل کرانے کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں جواب داخل کرا دیا

جمعرات 17 جنوری 2019 13:40

الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز پر نوٹا کاآپشن شامل کرانے کی درخواست پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) الیکشن کمیشن نیبیلٹ پیپرز پر نوٹا کا آپشن شامل کرانے کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں جواب داخل کرا دیا ہے ، جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکاء کی درخواست پر سماعت کی ،الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیاکہ بیلٹ پیپرز میں نوٹا کا آپشن نہیں ہے لہذادرخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جائے،لاہور ہائیکورٹ نے سماعت کے دوران وفاقی حکومت کو جوا ب اب تک داخل نہ کرانے پر آخری موقع دیتے ہوئے جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا وفاقی حکومت نے اگر جواب داخل نہ کرایا توعدالت قانون کے مطابق فیصلہ سنا دے گی، درخواست میں شیراز ذکاء کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا تھاکہ حق رائے دہی ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے، بیلٹ پیپرز پر نوٹا کی آپشن نہ ہونے کی وجہ سے ووٹر محدود حق رائے دہی رکھتا ہے،درخواست میں کہا گیا کہ ووٹر کو نہ چاہتے ہوئے بھی موجود امیدواروں میں سے کسی ایک کے حق میں ووٹ کاسٹ کرنا پڑتا ہے،اگر کوئی امیدوار، پسند نہ ہو تو ووٹر اپنا ووٹ منسوخ کرنے کو ترجیح دیتا ہے،بھارت سمیت متعدد ممالک میں انتخابات میں نوٹا کا استعمال کیا جاتا ہے، ووٹر اگر کسی امیدوار کو ووٹ نہ دینا چاہے تو وہ نوٹا پر نشان لگا دیتا ہے،نوٹا کا آپشن، ہر ووٹر کا بنیادی جمہوری حق ہے، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپرز میں نوٹا کا آپشن شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔