چیف جسٹس کا ریٹائرمنٹ سے قبل سپریم کورٹ کے ملازمین کیلئے خصوصی تحفہ

چیف جسٹس آف پاکستان نے ریٹائر ہونے سے قبل سپریم کورٹ کے گریڈ 1 سے 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 17 جنوری 2019 13:45

چیف جسٹس کا ریٹائرمنٹ سے قبل سپریم کورٹ کے ملازمین کیلئے خصوصی تحفہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2019ء) : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار آج اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔چیف جسٹس آف پاکستان نے ریٹائر ہونے سے قبل سپریم کورٹ کے ملازمین کو خصوصی تحفہ دے دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا ہے۔ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کے تمام ملازمین کو 2017 کے بنیادی پے سکیل سے تین گنا خصوصی الاؤنس دینے کا حکم دیا.۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ سے ایک دن قبل سپریم کورٹ نے ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے نوٹیفیکشن جاری کیا ہے جس کے تجت سپریم کورٹ کے گریڈ 1 سے 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں یہ خصوصی اضافہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جنوری 2019 سے ہو گا اور اب دیگر محکموں کے ملازمین بھی تنخواہ میں اضافے کی امید ظاہر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے ملازمین کی تنخواہ پہلے ہی حکومتی ملازمین سے بہتر ہے۔جب کہ سپریم کورٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے کے بعد دیگر حکومتی اداروں کے ملازمین بھی یہ امید ظاہر کر رہے ہیں کہ ان کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جا سکے گا۔خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار آج اپنے عہدے سے ریٹائرہو رہے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اپنے دور میں کئی اہم کیسز کے فیصلے کیے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کیا۔جسٹس ثاقب نثار کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس کا منصب سنبھالیں گے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کل پاکستان کے نئے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اُٹھائیں گے۔جب کہ آج جسٹس ثاقب نثار کے اعزاز میں فُل کورٹ ریفرنس شروع کیاگیا جس میں سپریم کورٹ کے 17 میں سے 16 ججز شریک ہوئے۔