محکمہ تعلیم میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ہاٹ لائن نمبر جاری

فون نمبر0800-33857 پر محکمے سے متعلق شکایات درج کرائی جائیں، صوبائی وزیر تعلیم

جمعرات 17 جنوری 2019 14:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم سے متعلق عوامی شکایات کی فوری شنوائی یقینی بنانے کیلئے ہاٹ لائن نمبر 0800-33857 کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے اور اب عوام اس نمبر پر محکمہ تعلیم سے متعلق شکایات اور اپنے مسائل درج کرا سکتے ہیں، جن کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ اگر محکمہ تعلیم میں کسی بھی شخص کا کام بلاوجہ تاخیر کا شکار ہے یا محکمے کے کسی دفتر میں جائز کام رکا ہوا ہے تو مذکورہ ہاٹ لائن پر کال کر کے فوری شکایت درج کرائی جا سکتی ہے، انھوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں میرٹ پر کام ہو گا اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، انھوں نے کہا کہ عوام تعاون کریں محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کو دیگر صوبوں کے لیے رول ماڈل بنائیں گے اورعوام کے تعاون سے محکمہ تعلیم کو کرپٹ افسران اور کرپٹ ملازمین سے نجات دلائیں گے۔