Live Updates

حکومت کو گرانا نہیں چاہتے،نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنی عدالتی زندگی کو اچھے نمونے کے طور پر گزارا، راجہ پرویز اشرف

جمعرات 17 جنوری 2019 14:58

حکومت کو گرانا نہیں چاہتے،نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنی عدالتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے اپنا وقت مکمل کیا ‘ خواہش ہے کہ موجودہ حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرے‘ ہم اس کو گرانا نہیں چاہتے‘ نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنی عدالتی زندگی کو اچھے نمونے کے طور پر گزارا۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ وزیراعظم کو کسی سیاست دان کے ملک سے باہر جانے پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔ ماضی میں وہ خود باہر جاتے رہے ہیں جبکہ ان کا آدھا خاندان باہر ہے۔ پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔ ہم حکومت کو گرانا نہیں چاہتے بلکہ ملک و عوام کے وسیع تر مفاد میں تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے سخت حالات کے باوجود آئینی مدت پوری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی ایل سیاستدانوں کو بلیک میل کرنے کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ تحریک انصاف کے اراکین کے لئے الگ قانون میں پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے لئے الگ قانون یہ درست نہیں۔ ماضی میں ہم نے کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا اور نہ ہی کسی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا۔

اگر ہم نے غلطیاں کی ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ بھی غلطیاں دہرائیں۔ ایک سوال کے جواب میں نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے حوالے سے کہا کہ نئے چیف جسٹس اچھے انسان ہیں۔ انہوں نے عدالتی زندگی کو اچھے نمونہ کے طور پر گزارا۔ وہ ایک پراسیس سے گزر کر آئے ہیں۔ اللہ نے انہیں بہت سی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس ثاقب نثارکی عدالتوں میں انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات اور کوششیں خوش آئند ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات