ششپر گلیشیر کی سٹڈی کے لیے نیسپاک کی ٹیم فروری کے پہلے ہفتہ میں دورہ کر کے تفصیلی رپورٹ جاری کرے گی،فرید احمد

جمعرات 17 جنوری 2019 14:58

ششپر گلیشیر کی سٹڈی کے لیے نیسپاک کی ٹیم فروری کے پہلے ہفتہ میں دورہ ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی گلگت بلتستان فرید احمد نے کہا ہے کہ ششپر گلیشیر کی سٹڈی کے لیے آرمی انجینئرز،سپارکو ،نیسپاک میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ،واپڈا اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پرمشتمل ٹیم موسم صاف ہونے پر گلیشیر کا دورہ کرے جبکہ نیسپاک کی ٹیم فروری کے پہلے ہفتہ میں گلیشیر کا دورہ کر کے تفصیلی رپورٹ جاری کرے گی۔

گلگت میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فرید احمد نے کہا ہے کہ میٹ ڈیپارٹمنٹ،ایف۔سی۔ این۔ اے ایف ڈبلیو او اور ای پی کی ششپر گلیشیر کے حوالے سے رپورٹ جاری ہو چکی ہے جس کے مطابق ششپر گلیشیر کو چار درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے درجے کے مطابق گلیشیر میں پانی کا ذخیرہ بڑھ جانے اور گرمیوں میں دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی صورت میں اونچے درجے کا سیلاب آ نے کی وجہ سے 70 گھر 3پاور ہاوس کے کے ایچ پل،ایف ڈبلیو کیمپ ایک فلور مل چالیس مویشی خانے کی تباہی کا موجب بن سکتا ہے اسی طرح درمیانے درجے کے سیلاب کی صورت میں بائیس گھر،فلور ملز اور کئی مویشی خانے زیر سیلاب آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح نچلے درجے کے سیلاب کی صورت میں چند مویشی خانے تباہ ہو سکتے ہیں۔۔فرید احمد نے کہا ہے کہ تفصیلی رپورٹ کے مطابق ششپر گلیشیر انتہائی سست رفتار سے سرک رہا ہے اور گلیشئیر کا رقبہ تیرہ سو میٹر پر پھیلا ہوا ہے جبکہ گلیشیر کے کے ایچ سے 5.7 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتہ سے حسن آ باد نالے میں موجود بڑے پتھروں کو بلاسٹنگ کے زریعے ہٹایا جائے گا تاکہ گلیشیر سے یک دم پانی کے اخراج کی صورت میں بغیر کسی رکاوٹ دریائے ہنزہ میں جا سکے۔کس بھی ایمرجنسی کی صورت میں ٹینٹ ویلج قائم کرنے کے لیے جگہ کا تعین مارچ سے پہلے کیا جایے گا۔