ایم این ایم موٹر سائیکل کمپنی فراڈ کیس میں ملوث 29 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع

جمعرات 17 جنوری 2019 15:19

ایم این ایم موٹر سائیکل کمپنی فراڈ کیس میں ملوث 29 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) احتساب عدالت نے ایم این ایم موٹر سائیکل کمپنی فراڈ کیس میں ملوث 29 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کر دی۔ عدالت نے تمام ملزمان کو دوبارہ 31جنوری کو احتساب عدالت نمبر 4کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر 29ملزموں کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ایم این ایم موٹر سائیکل کیس میں نیب نے کاروائی کرتے ہوئے تقریباً 50ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے کچھ ملزمان کو پلی بارگینگ کے ذریعے رہا کر دیا گیا۔ پلی بارگینگ کے ذریعے رہا ہونے والے ملزمان میں جہانگیر، عتیق اور فیصل شامل ہیں۔ایک ملزم کو جرم ثابت نا ہونے پر رہا کر دیا گیا تھا۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق تمام ملزمان بطور سٹاکسٹ کام کر رہے تھے جنکی مدد سے اربوں روپے لوٹے گئے، گرفتار ملزمان میں بلال شریف، احتشام انور،حماد ثاقب،محمد علی،نعیم خالد،امتیاز احمد،عبدالمجید، سید جمال فرید،عابد علی،ناصر علی،محمد گلزار،محمد فیصل،محمد حسین اور لال خان وغیرہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

تمام ملزمان کی گرفتاری پنجاب کے مختلف شہروں سے سٹنگ آپریشن کے دوران ہوئی تھی، نیب کے مطابق ملزمان نے ایم این ایم موٹر سائیکل کیس میں عوام سے دھوکہ دہی سے لگ بھگ 11 ارب روپے لوٹے، نیب لاہور کی جانب سے مرکزی ملزم احمد سیال کو گذشتہ سال جنوری میں گرفتار کیا گیا، ملزم سٹاکسٹ بلال شریف کو 8.2 ملین کی کرپشن کے الزام میں داروغہ والا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم بلال پر مرکزی ملزم احمد سیال کی معاونت اور عوام سے کروڑوں روپے کی لوٹ مار کا الزام ہے، نیب پراسیکیوٹر کے الزام کے مطابق ملزمان نے عوام سے دھوکہ دہی اور منافع کا لالچ دیتے ہوئے لگ بھگ 11 ارب روپے لوٹے، دوران تحقیقات ملزمان کیجانب سے عوام کو بھاری منافع کا لالچ دیتے ہوئیخطیر رقوم بٹورنے کا انکشاف ہوا تھا۔