وفاقی وزیر برائے ہوا بازی ڈویژن محمد میاں سومرو متعلقہ اداروں کی مشاورت سے سوات کے لئے پروازیں بحال کرنے کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کریں گے

جمعرات 17 جنوری 2019 15:26

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی ڈویژن محمد میاں سومرو متعلقہ اداروں کی مشاورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی ڈویژن محمد میاں سومرو متعلقہ اداروں کی مشاورت سے سوات کے لئے پروازیں بحال کرنے کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کریں گے‘ دہشتگردی کی وجہ سے 2005ء سے 2007ء تک یہ ایئرپورٹ بند رہا جبکہ بعد ازاں مسافر کم ہونے کی وجہ سے پروازیں بند کردی گئی تھیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر حیدر علی کے سوات ایئرپورٹ کی بندش سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ایوی ایشن ڈویژن کے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا کہ سوات ایئرپورٹ 2005ء سے 2007ء تک بند رہا‘ 2008ء میں دہشتگردی کا حملہ ہوا‘ 2010ء میں مرمت اور تعمیر مکمل ہوئی۔

2014ء میں پروازیں مسافروں کی کمی کی وجہ سے بند کردی گئیں اب جہازوں کی کمی ہے جب تک جہاز دستیاب نہیں ہونگے پروازیں نہیں چل سکتیں۔

(جاری ہے)

توجہ مبذول نوٹس پر ڈاکٹر حیدر علی نے کہا کہ 2008ء میں سیدو شریف ایئرپورٹ فوج کے حوالے کیا گیا۔ عمارت ٹھیک تھی۔ 2016ء میں نواز شریف نے اس ایئرپورٹ کو کھولنے اور انٹرنیشنل پروازیں چلانے کا یقین دلایا تھا۔ نئے پاکستان میں ہمیں عملی اقدامات کی توقع ہے۔ سوات کے عوام اور ٹور ازم کے لئے اس ایئرپورٹ کی بے انتہا اہمیت ہے۔ وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت کرکے سوات ایئرپورٹ پروازوں کے لئے کھولنے کے حوالے سے ایوان کو تفصیلات سے آگاہ کردیں گے۔