تمام معروف غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان آکر کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے:احسان مانی

جنوبی افریقی، انگلش کرکٹ بورڈز کے ساتھ مختلف ٹیموں کی سیریز پر بات چیت جاری:چیئر مین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 جنوری 2019 15:35

تمام معروف غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان آکر کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے پاکستان سپر لیگ میں تمام معروف غیرملکی کرکٹرز کے پاکستان آکر کھیلنے کی نوید سنادی۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قذافی سٹیڈیم میں یو کے اینڈ پاکستان جرنلسٹ میچ کے موقع پر صحافیوں سے تعارف کے موقع پر غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور اگلے ماہ پی ایس ایل4 کے آغاز سے پہلے شیڈول کو حتمی شکل دے دیں گے، پی ایس ایل میں تمام معروف کرکٹرز نے پاکستان آکر کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جس سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے میں مدد ملے گی۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ مختلف ٹیموں کی سیریز پر بات چیت جاری ہے جب کہ قذافی سٹیڈیم کے ڈریسنگ رومز کو بھی دوبارہ بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس کی تجاویز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، تمام فیڈریشنز میں پروفیشنلز لانے کی سفارش کر رہے ہیں تاہم صرف ان فیڈریشنز کو گرانٹ دینے کی سفارش کر رہے ہیں جن کے پاس انفراسٹرکچر کا پلان ہو گا۔