ماضی میں ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے والے اب گلے لگا رہے ہیں‘ حکومت نے کبھی نہیں کہا کہ وہ 18ویں ترمیم کا خاتمہ کر رہی ہے‘ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض کا جواب

جمعرات 17 جنوری 2019 15:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ماضی میں ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے والے اب گلے لگا رہے ہیں‘ حکومت نے کبھی نہیں کہا کہ وہ 18ویں ترمیم کا خاتمہ کر رہی ہے‘ ایک سابق وزیراعظم ذاتی طیارے میں وزیر خزانہ کو بیرون ملک لے گئے جو اب مفرور ہے‘ فاٹا ریفارمز میں ہم فاٹا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں‘ اپوزیشن بتائے انہوں نے این ایف سی میں سے ایک فیصد کٹوتی کیوں نہیں ہونے دی۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ ہم دہشتگردی کا شکار ہیں۔ فاٹا ریفارمز میں ہم فاٹا والوں کے شانہ بشانہ کھڑے تھے۔ اپوزیشن بتائے فاٹا کے لئے این ایف سی میں ایک فیصد کٹوتی کیوں نہیں ابھی تک ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے اپنے جہاز پر بٹھا کر ایک وزیر کو باہر بھجوا دیا تھا۔

جے آئی ٹی رپورٹ میں گھریلو ملازمین کے نام پر بڑے بڑے اکائونٹ ہیں۔ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ 18ویں ترمیم کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ ہم بھی صوبے میں گیس کی پیداوار کے حوالے سے آئین پر عملدرآمد کی حمایت کی ہے۔ ہسپتالوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف بات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جو کہہ رہے تھے کہ ہم سڑکوں پر گھسیٹیں گے وہ اب ایک دوسرے کو گلے لگا رہے ہیں۔

ہم سے سوال کریں کہ سکولوں سے باہر موجود بچوں کو سکولوں میں لانے کے لئے کیا گیا جو ہزاروں ارب روپے کے قرضے لئے گئے وہ کہاں خرچ کئے گئی بلوچستان سمیت پسماندگی کی بات کریں۔ گیس بحران کی بات کریں‘ ہم خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کے مسائل کے لئے اکٹھی ہوتی تو ہمیں خوشی ہوتی۔ ملک کی تمام اکائیاں مل کر ملک کو بحران سے نکالیں گی۔