Live Updates

اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد جمہوری نظام کے لئے احسن ہے‘ حکومت اسے اپنے لئے خطرہ نہ سمجھے‘ خواجہ سعد رفیق

جمعرات 17 جنوری 2019 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد جمہوری نظام کے لئے احسن ہے‘ حکومت اسے اپنے لئے خطرہ نہ سمجھے‘ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پہلی مرتبہ نہیں ہو رہا ہے۔

یہ بالغ نظر اپوزیشن ہے اور یہ اتحاد حکومت کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تنقید کریں گے لیکن کبھی نہیں چاہیں گے کہ حکومت ختم ہو کیونکہ اس سے نظام کو خطرہ ہوگا۔ ہم اپنا جمہوری‘ آئینی اور سیاسی حق استعمال کرتے ہوئے حکومت کو آئینہ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کی طرح قومی سیاسی ایجنڈا ہونا چاہیے لیکن افسوس کی بات ہے کہ حکومتی سطح پر اعلیٰ حکام سے لے کر ارکان تک روزانہ گالیاں دی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عبدالولی خان اکبر بگٹی اور جی ایم سید محب وطن پاکستانی تھے لیکن ان کو غدار قرار دیا گیا۔ پہلے غداری کا الزام عائد ہوتا تھا اب لوٹ مار کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ماضی میں زرداری کو گھسیٹنے کے حوالے سے جو بات ہوئی تھی وہ غلط تھی‘ وہ بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ گیلانی اور زرداری کی طرح عمران خان کی حکومت بھی ختم ہو کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے نظام کو خطرات لاحق ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات