ایوان میں مثبت ایشوز پر حکومت اور اپوزیشن کو مل کر بات کرنی چاہیے‘ وزیر دفاع پرویز خٹک کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض کا جواب

جمعرات 17 جنوری 2019 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایوان میں مثبت ایشوز پر حکومت اور اپوزیشن کو مل کر بات کرنی چاہیے‘ ہم پیار محبت سے ایوان کو آگے بڑھائیں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کی جانب سے نکتہ اعتراض پر اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کھلے دل سے یہ باتیں سنی ہیں اور مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ آج کل اس ایوان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

میں نے اپنی پارٹی کے دوستوں سے بھی کہا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کی بات سننی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضمانت دیتے ہیں کہ ہماری سائیڈ سے ایسی کوئی بات نہیں ہوگی جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔ اپوزیشن مثبت تجاویز لے کر آئے ہم مل بیٹھ کر کام کریں گے۔ پانچ ماہ ہوگئے ہیں لوگ بھی ہم سے توقعات رکھتے ہیں۔ عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری ذمہ داری سے کہتے ہیں کہ پیار و محبت کے ماحول میں پارلیمان کو آگے لے کر جائیں گے۔