Live Updates

سلیکٹڈ وزیراعظم انسانی حقوق اور نقل وحرکت کے آزادی کے تصور کو نہیں سمجھتے ‘بلاول بھٹو

انتہائی مضحکہ خیز بات ہے ای سی ایل میں صرف اپوزیشن لیڈرز کے نام ڈالے جارہے ہیں ،حکومتی ارکان بیرون ملک دوروں میں مصروف ہیں سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ آ چکا ،حکومت کو چیئرمن صاحب اور وزیراعلی سندھ کے نام ای سی سے نکالنے ہوں گے‘سینیٹر مولا بخش چانڈیو بھاگنے والے اور ہوں گے بھٹو کے وارث میدان ڈٹ کر مقابلا کرتے ہیں، خان صاحب جو رسم و رواج ڈال رہے ہیں کل خود بھگتیں گے‘ردعمل

جمعرات 17 جنوری 2019 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم انسانی حقوق اور نقل وحرکت کے آزادی کے تصور کو نہیں سمجھتے ہیںجبکہ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بلاو ل بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنا ہوں گے ،وزیر اعظم ٹال مٹول کرنے کے بجائے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں۔

وزیراعظم عمران خان کے سیاستدانوں سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم انسانی حقوق اور نقل وحرکت کی آزادی کے تصور کو نہیں سمجھتے ہیں۔انتہائی مضحکہ خیز بات ہے کہ ای سی ایل میں صرف اپوزیشن لیڈرز کے نام ڈالے جارہے ہیں لیکن حکومتی ارکان بیرون ملک دوروں میں مصروف ہیں اور وزیراعظم حکومت ملنے پر 6 ماہ تک بیرون ملک دورے نہ کرنے کے اعلان کے باوجود اب تک 7 بیرون ملک دوروں پر جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ آ چکا ،حکومت کو چیئرمن صاحب اور وزیراعلی سندھ کے نام ای سی سے نکالنے ہوں گے۔وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کو کوئی سلیکٹڈ وطن پرستی کا بھاشن نہیں دے سکتا، اگر ای سی ایل میں نام رکھنا دھرتی سے محبت کا تقاضا ہے تو خان سے خود سے بسم اللہ کریں، عمران خان پہلے اپنا اور اپنے وزراء کا نام جذبہ حب الوطنی کے تحت ای سی ایل میں ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو اور بینظیر شہید کے وارث کو کسی سے وطن پرستی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، بھاگنے والے اور ہوں گے بھٹو کے وارث میدان ڈٹ کر مقابلا کرتے ہیں، خان صاحب جو رسم و رواج ڈال رہے ہیں کل خود بھگتیں گے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایک صوبے کے وزیراعلی کا نام ای سی ایل پر رکھ خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، ہم نہ ڈرے ہیں نہ بھاگے ہیں، بات حقوق کی ہے، ہم کسی کو بنیادی جمہوری اور انسانی حقوق چھیننے نہیں دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات