حوصلے بلند ہیں جلد عوام میں ہوں گا

ملک کی معاشی بدحالی دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ،کسان کو مشکلات سے دوچار کردیا گیا ہے اور عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی جیل میں اہل خانہ اور ن لیگی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 17 جنوری 2019 16:18

حوصلے بلند ہیں جلد عوام میں ہوں گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جنوری2019ء) آج پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کا روز ہے۔نواز شریف سے مسلم لیگ ن کے رہنما اور نواز شریف کی والدہ  جب کہ صاحبزادی مریم نواز سمیت دیگر اہل خانہ نے بھی ملاقات کی۔والدہ شمیم اختر نے نواز شریف کو پیشانی پر پیار کیا اور ان کے لیے دعائیں بھی کی اس موقع پر مریم نواز اور شمیم اختر کی آنکھوں میں آنسو تھے۔

اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں نے بھی نواز شریف سے جیل میں ملاقات کی۔نواز شریف نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کھانا کھایا اور سبز چائے بھی پی۔زرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں سے سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال اور اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے حوصلے بلند ہیں اور میں جلد عوام میں ہوں گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی بدحالی دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ،کسان کو مشکلات سے دوچار کردیا گیا ہے اور عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں ،میرے حوصلے بلند ہیں ،سدا حالات ایک جیسے نہیں رہتے او ریہ وقت بھی گزر جائے گا۔نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پارٹی رہنمائوں کے مطابق نواز شریف نے کسانوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار اورکسانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی بدحالی دیکھ کر دل کو دکھ ہوتاہے،کسان کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے اور و ہ سڑکوں پر ہیں، ایسے حالات میں حکومت کو انصاف کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ترقی کے دعوے کرنے والوں نے کسان کو معاشی طورپرتباہ کردیاہے، عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اوریہ اپوزیشن کو ٹارگٹ کررہے ہیں۔