Live Updates

ڈاکٹر یاسمین راشد نے سنت نگر میں نئے ٹیوب ویل کا افتتاح کردیا

کھجور والی گرائونڈ آمد پر صوبائی وزیر کا کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا ،پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ٹیوب ویل کی تنصیب سے علاقے کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا، فلٹریشن پلانٹ بھی فعال کردیاگیا ‘وزیر صحت پنجاب

جمعرات 17 جنوری 2019 18:09

ڈاکٹر یاسمین راشد نے سنت نگر میں نئے ٹیوب ویل کا افتتاح کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہاں سنت نگر کے علاقے کھجور والی گرائونڈ میں نئے واسا ٹیوب ویل کا افتتاح کردیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز، زبیر خان نیازی، علی عامر ، آصف نقاش، ریاض الحق گجر، ثنا اللہ بھٹی، اصغر مہر، ملک عاصم بھی موجود تھے۔ کھجور والی گرائونڈ آمد پر صوبائی وزیر کا تحریک انصاف کے کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور ’یاسمین راشد زندہ باد‘ کے نعرے بھی لگائے۔ افتتاح کے بعد کارکنوں سے خطاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ یونین کونسل 57 میں طویل عرصے سے پانی کی کمی کا مسئلہ تھا۔ ٹیوب ویل کی تنصیب سے علاقے کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔

(جاری ہے)

ٹیوب ویل کے ساتھ فلٹریشن پلانٹ بھی فعال ہوگیا ہے۔ جس سے اہل علاقہ کو گھر کے پاس صاف پانی کی سہولت بھی میسر آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سنت نگر کے علاقے کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہوں۔ میری سرکاری مصروفیات کے باعث شیخ امتیاز اور زبیر نیازی ہمیشہ حلقے مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہریوں کے بنیادی مسائل کا حل زیادہ ضروری ہے۔ محض نعرے بازی کی بجائے عملی اقدامات پر فوکس کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات