سمندر میں تیل گیس کی تلاش آف شورکمپنیوں کیلئے رعایت

اشیاکی درآمدپر ڈیوٹی و ٹیکسوں کی چھوٹ دیدی گئی، نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری

جمعرات 17 جنوری 2019 18:14

سمندر میں تیل گیس کی تلاش آف شورکمپنیوں کیلئے رعایت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) وفاقی حکومت نے کھلے سمندر میں تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرنے والی آف شورکمپنیوں، ان کے کنٹریکٹرز اور سروسز فراہم کرنیوالی کمپنیوں کو مشینری، آلات، بحری جہاز، ہیلی کاپٹرز، گاڑیوں، ڈرلنگ بائٹس، ڈرلنگ اینڈ سیسمک بحری جہاز، ایئر کرافٹس سمیت دیگر اشیاکی درآمدپر ڈیوٹی و ٹیکسوں سے چھوٹ دیدی ہے جبکہ اس کے علاوہ انہیں 2 فیصد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی میں بھی رعایت دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایف بی آر سے 2 نوٹی فکیشن جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ اس بارے میں جب ایف بی آر حکام سے پوچھا گیا کہ کیا یہ چھوٹ سمندر میں تیل و گیس کے ذخائرکی تلاش کا کام شروع کرنیوالی ایگزون موبیل نامی ملٹی نیشنل کمپنی کیلئے دی گئی ہے توانھوں بتایا کہ کسی خاص کمپنی کو اس کے نام کے ساتھ چھوٹ نہیں دی گئی بلکہ اس کا اطلاق تمام آف شورکمپنیوں پر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد تیل وگیس کے ذخائر کی تلاش کو فروغ دینا ہے جس سے ملکی توانائی کی ضرورت پوری اور درآمدی بل کم ہوگا۔