Live Updates

ڈپٹی میئرکراچی کاپی ٹی آئی حکومت کے ارکان اسمبلی کو 10 کروڑ فی کس ترقیاتی فنڈز دیئے جانے کی اسکیم پر افسوس کا اظہار

ترقیاتی فنڈ عوام کے وسیع تر مفاد میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی سیاسی وابستگی کو مدنظر رکھے بغیر بلدیاتی حکومتوں کو منتقل کیا جانا چاہیے، ارشدوہرا

جمعرات 17 جنوری 2019 18:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی رہنما و ڈپٹی میئر کراچی نے پنجاب حکومت کی جانب سے صرف پی ٹی آئی حکومت کے اراکین اسمبلی کو 10 کروڑ فی کس ترقیاتی فنڈز دیئے جانے کی اسکیم پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں منتخب اراکین اسمبلی کی بنیادی زمہ داری عوامی مفاد میں قانون سازی کرنا ہے نہ کہ ترقیاتی کام کرانا، آئین کے مطابق یہ بلدیاتی حکومتوں کی ذمے داری ہے اس لیے تمام تر ترقیاتی فنڈ عوام کے وسیع تر مفاد میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی سیاسی وابستگی کو مدنظر رکھے بغیر بلدیاتی حکومتوں کو منتقل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی ماضی میں بار بار اراکین اسمبلی کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کے سیاسی اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں اور پی ٹی آئی بھی اس طرح فنڈز کو شاہی انداز میں باٹنے کے خلاف رہی ہے لیکن اب خود سابقہ حکومتوں کے طرزِ عمل پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کو ترقیاتی فنڈز بلا تفریق بلدیاتی حکومتوں کو منتقل کرنے چاہئیں۔ ارشد وہرا نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی اقتدار میں آکر ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کے حل کے لیے مضبوط بلدیاتی نظام کا قیام عمل میں لائے گی اور تمام فنڈز اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کر کے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کریگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات