نواب شاہ میں 22 فروری سے 24 فروری تک تین روزہ پھولوں کی نمائش منعقد کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر

جمعرات 17 جنوری 2019 18:29

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) نواب شاہ میں 22 فروری 2019سے ہونے والی 3 روزہ پھولوں کی نمائش شاندار طریقے سے منعقد کرنے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس جمعرات کو ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابرار احمد جعفر کی زیرصدارت دربارہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو ذھنی پریشانیوں اور دباؤ والے ماحول سے نکالنے کے لئے صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے ایچ ایم خواجہ اسکول میں پھولوں کی نمائش منعقد کی جائے گی انہوں نے مزیدکہا کہ پھولوں کی نمائش کو کامیاب کرنے کے لئے ضلع سطح پر مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور نمائش کے دوران سیکورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کے لئے رینجرز اور پولیس کے دستے تعینات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نمائش کے دوران مختلف اسکولوں کے طلباء وطالبات ٹیبلو پیش کرینگے جبکہ نمائش میں سائنسی و ثقافتی نمائش و فن فئیر لگائے جائیں گے۔پھولوں کی نمائش کے دوران کھانے پینے کے اسٹال، بچوں کے جھولے اور دیگر مختلف اسٹال بھی لگائے جائیں گے جبکہ موسیقی کے پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نمائش کے دوران ایچ ایم خواجہ اسکول اور آس پاس کے علاقوں میں صفائی کا بہتر انتظام کیا جائے انہوں نے محکمہ حیسکو کے چیف انجنئیر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نمائش کے تینوں دن متعلقہ فیڈر پر رات کی اوقات پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے انہوں نے کہا کہ نمائش کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دئیے جائیں گے اجلاس میں کمانڈر نیوی بھرتی مرکز ظفراقبال، ایڈیشنل ڈائریکٹر تعلیم راضی خان جمالی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم حامد، چئیرمین میونسپل کمیٹی محمد عظیم مغل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر غلام علی برہمانی، ایم ایس پی ایم سی نواب شاہ ڈاکٹر شمس الدین سیال، ایکسین واپڈا انصاف علی بروہی، انفارمیشن افسر شیرمحمد جمالی، میرخان زرداری کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنران، محکمہ تعلیم،سماجی بہبود،رینجرز،پولیس،میونسپل کامیٹی،روینیو اور مختلف یونیورسٹیوں کے افسران نے شرکت کی۔