تین روز سے جاری پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2019 نمائش و کانفرنس کامیابی سے اختتام پذیر

18 ہزار سے زائد کاروباری افراد اور نمائندوں نے دورہ کیا، 30 کروڑ روپے سے زائد کے کاروباری اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر معاہدے

جمعرات 17 جنوری 2019 19:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) ایکسپو سینٹر میں تین روز سے جاری پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2019 نمائش و کانفرنس کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی ، 18 ہزار سے زائد کاروباری افراد اور نمائندوں نے دورہ کیا۔ پاکستانی کمپنیوں کے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ 30 کروڑ روپے سے زائد کے کاروباری اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے معاہدے طے پا گئے۔

تفصیلات کے مطابق تین روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو میں کاروباری افراد اور کمپنیوں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 18 ہزار سے زائد افراد نے مختلف اوقات میں دورہ کیا ۔ یہ نمائش پرائم ایونٹ مینجمنٹ کی جانب سے پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ( پی پی ایم ای) اور گرپ کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ایکسپو آرگنائزر کامران عباسی نے بتایا کہ نمائش میں لوگوں کی غیر معمولی دلچسپی رہی۔ 18ہزار سے زائد افراد نے تین دنوں میں دورہ کیا اورملکی و غیر ملکی ٹیکنالوجی اور مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے زبردست مثبت ردعمل سے نمائش میں شریک کمپنیاں بھی بہت خوش ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ یہ ایونٹ مستقل بنیادوں پر چلتا رہے۔

کامران عباسی نے بتایا کہ اگلا پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 10-11 جولائی 2019 کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس کے لیے اس ایکسپو میں شریک 60فیصد کمپنیوں نے ابھی سے اپنے اسٹالز بک کر لیے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان تین دنوں کے دوران 30 کروڑ روپے سے زائد کے کاروباری اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے معاہدے ہوئے ہیں جو مقامی ادویہ سازی صنعت کے لیے بہت مددگار ہوں گے۔ انہوں نے نمائش کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر پی پی ایم اے، گرپ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، حکومت پنجاب اور شریک ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ایسے ایونٹس فارما انڈسٹری کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔