بیماریوں کے تدارک اور ان کے علاج کیلئے تمام صوبائی اداروں اور این جی اوز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،

صحت سے متعلق عوامی آگاہی میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کی تقریب سے خطاب

جمعرات 17 جنوری 2019 19:57

بیماریوں کے تدارک اور ان کے علاج کیلئے تمام صوبائی اداروں اور این جی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بیماریوں کے تدارک اور ان کے علاج کیلئے تمام صوبائی اداروں اور این جی اوز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وسائل کو مؤثر اور مستعد انداز میں بروئے کار لایا جا سکے، صحت کے متعلق عوامی آگاہی میں میڈیا کا کرداربھی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کی طرف سے دی جانے والی تفصیلی بریفنگ کے دوران کہی۔

وفاقی وزیر قومی صحت خدمات عامر محمود کیانی اور صدر پناہ میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کے نظام میں بہتری کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطہ و معاونت بھی بہت اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ حفاظتی تدابیر کو اپنا کر کئی مہلک بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات، حفظان صحت کے اصولوں کی پیروی اور صحت مند طرز زندگی جیسے احتیاطی اقدامات اختیار کرکے کئی بیماریوں سے خود کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمول کی ورزش اور صفائی اچھی صحت کی ضامن ہیں، ان عادات کو اپنا کر صحت کے شعبہ میں غیر ضروری دباؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ احتیاط اور صحت مند طرز زندگی کے حوالہ سے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، ٹھوس اعداد و شمار کی بنیاد پر احتیاطی تدابیر کا بیانیہ وضع کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

صدر نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعداد اور استعداد میں اضافہ انتہائی ضروری ہے کیونکہ ملک کے دور افتادہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ان کا بہت اہم کردار ہے۔ صدر مملکت نے قومی فٹنس ڈے منانے کیلئے وزارت صحت کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔