لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے سے روکنے پر سکول چوکیدار کو قتل کرنے والے ملزموں کو دو ،دو بار عمر قید کی سزا کا حکم

جمعرات 17 جنوری 2019 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سکول کے باہر لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے سے روکنے پر سکول گارڈ کو قتل کرنے والے ملزموں کو دو ،دو بار عمر قید اور دس ہزار فی کس جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر III کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے کیس پر سماعت ہوئی۔ ملزم حمید کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ ضمانت پر رہا ملزم اصغر بھی عدالت میں پیش ہوا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے فریقین کے وکلا ء کے دلائل سننے کے بعد جرم ثابت ہونے پر دونوں مجرموں کو دو ،دو بار عمر قید اور فی کس دس ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ۔ دونوں مجرموں کو دہشتگردی کی دفعہ 7اے ٹی اے کے تحت ایک ،ایک بار اور قتل کی دفعہ 302 کے تحت بھی ایک ،ایک بار عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد پولیس نے ضمانت پر رہا اصغر کو بھی گرفتار کر لیا ۔دونوں کے خلاف تھانہ ہربنس پورہ میں سکول کے چوکیدار کو قتل کرنے کا مقدمہ درج تھا۔