Live Updates

سیاست امکانا ت کا نام ہے متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں سے نیشنل ایجنڈے پر بات ہوسکتی ہے،حاجی میر لشکری خان رئیسانی

بلوچستان نیشنل پارٹی آئین کی بالادستی پارلیمنٹ کی خودمختاری ، صوبوں کے حقوق کیلئے حکومت اور اپوزیشن دونوں کا ساتھ دیگی،مرکزی رہنما بی این پی

جمعرات 17 جنوری 2019 20:12

کراچی +کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ سیاست امکانا ت کا نام ہے متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں سے نیشنل ایجنڈے پر بات ہوسکتی ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی آئین کی بالادستی پارلیمنٹ کی خودمختاری ، صوبوں کے حقوق کیلئے حکومت اور اپوزیشن دونوں کا ساتھ دیگی ۔

جمعرات کے روز نجی ٹی وی چینل کودیئے اپنے ایک انٹرویو میں نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی وفاق میں تحریک انصاف کی اتحادی نہیں آزاد بینچوں پر بیٹھ کر پارٹی نے تحریک انصاف کی مشروط حمایت کے بدلے بلوچستان کے حل طلب مسائل سے متعلق 6 نکات پیش کئے ہیں جن پر اب تک قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6 نکات پر عملدرآمد نہ ہونے سے ہم مایوس نہیںسیاست سائنس آف امکانات کا نام ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم کوشش کررہے ہیں کہ وفاقی حکومت کو پیش کئے 6 نکات پر کہیں نہ کہیں عمل درآمد ہوسکے جس کیلئے گزشتہ روز ہونے والے پارٹی کے مرکزی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو آئندہ چند روز میں وفاقی حکومت سے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق اپنی رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کریگی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کا اصولی موقف ہے کہ بلوچستان سے متعلق وفاقی حکومت کیساتھ ہونے والے معاہدہ پر عملدرآمد ہو ،تا کہ صوبے اور وفاق میں اعتماد کی فضاء قائم ہوسکے ۔پارلیمنٹ میں ان ہائوس تبدیلی سے متعلق انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں متحدہوں اور دو بڑی جماعتوں میں موجود عدم اعتماد کی فضاء میں کمی آئے توکہیں نہ کہیں شایدکوئی تبدیلی آسکے ایسے میں بلوچستان نیشنل پارٹی اصولوں کی بنیاد پرکسی کا بھی ساتھ دے سکتی ہے ۔

وفاق میں پارٹی نے تحریک انصاف کی مشروط حمایت کی ہے اپوزیشن جماعتوں کے پاس پاکستان اور صوبوں کیلئے بہتر ایجنڈا ہوا تو یقینا ان کا ساتھ دینگے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو صوبوں کی خودمختاری ،فعال پارلیمنٹ خارجہ پالیسی میں تبدیلی ، آئین کی بالادستی ، انتظامی امور سے سیاست اور سیاست کو انتظامی امور سے پاک رکھنے اور وفاق کی مضبوطی کیلئے ایک نیشنل ایجنڈے کا تعین کرنا چائیے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات