Live Updates

بلوچستان میںکپاس کی تحقیق و ترقی کے کافی مواقع موجود ہیں، ڈاکٹر محمد جاوید ترین

جمعرات 17 جنوری 2019 20:20

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں جمعرات کے روز ڈائریکٹر جنرل ریسرچ بلوچستان ڈاکٹر محمد جاوید ترین اور ڈائریکٹرل جنرل زراعت توسیع بلوچستان انعام الحق نے دورہ کیا۔ ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ادارے کی کارکردگی کے بارے میں ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ،ڈاکٹر زاہد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے ادارے کے قیام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

ادارہ کے مختلف شعبہ جات نے جو نمایاں کام سرانجام دیئے ہیں ان پر بھی روشنی ڈالی۔ خصوصاً کپاس کی اقسام کی تیاری ، کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی، بیماریوں کے خلاف تحقیقات اور پلانٹ پروٹیکشن کے شعبہ میں ہونے والی تحقیقات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مرکزی ادارہ تحقیقات کپاس ملتان کی اب تک کی کپاس کے میدان میں تحقیق و ترقی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا سی سی آر آئی بلوچستان کے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے مختلف ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کرے گا اور بلوچستان کے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور آئندہ سال2019میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے عزم 15ملین کپاس کی گانٹھوں کے عزم کی تکمیل کے لیے ادارہ ہذا اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور یہ کہ ادارہ ہذا کی تیارہ کردہ کپاس کی اقسام میں کافی پوٹینشنل موجود ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کو پیش نظر رکھ کر تیار کی جا رہی ہیں۔

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل ریسرچ بلوچستان ڈاکٹر محمد جاوید ترین نے سی سی آر آئی ملتان کے زرعی ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہبلوچستان میںکپاس کی تحقیق و ترقی کے کافی مواقع موجود ہیں اور اس کے لئے صوبائی سطح پر دونوں صوبوں کے کپاس کے ماہرین کے درمیان ہم آہنگی بہت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں بہت جلد صوبائی سطح پر کپاس کے ماہرین پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا تاکہ ملک میں خاص کر بلوچستان میں کپاس کے میدان میں بہتری لائی جا سکے ۔

ادارہ ہذا کے زرعی سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی زراعت توسیع انعام الحق نے کہا کہ بلوچستان کے کپاس کے کسانوں کی رہنمائی و تربیت کے لئے سی سی آر آئی ملتان کا کردار بہت اہم ہے اور ہم بلوچستان کے کپاس کے کاشتکاروں کی عملی تربیت کے لئے ادارہ ہذا کے زرعی ماہرین کی خدمات کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے اور ہم صوبہ میں کپاس کے زیر کاشت رقبہ کو بڑھانے میں بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

اجلاس میں سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، ملتان کے زرعی ماہرین کے علاوہ ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر صغیر اور بائرز کے ریجنل ٹیکینیکل مینیجر حبیب الرحمن نے بھی شرکت کی۔ بریفنگ کے بعد بلوچستان کے وفد کوتمام شعبہ جات وتجرباتی کھیتوں کامعائنہ اور کپاس کی مشینی چنائی کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات